@allamaiqqbal: معانی اور مطلب👇 ملا زادہ ضیغم لولابی کشمیری کا بیاض (۷) ارمغانِ حجاز نکل کر خانقاہوں سے اَدا کر رسمِ شبیری کہ فقرِ خانقاہی ہے فقط اندوہ و دلگیری معانی: خانقاہ: درویشوں کے رہنے کی جگہ جہاں لوگوں کی روحانی تربیت کی جاتی ہے ۔ شبیر: حضرت محمد مصطفیﷺ کے چھوٹے نواسے کا نام حضرت امام حسین ۔ رسم شبیری: جو رسم حضرت امام حسین نے کربلا میں ادا کی اور باطل کے مقابلے میں ڈٹ گئے ۔ فقر خانقاہی: خانقاہ تک محدود فقیری، جو عملی دنیا سے بے گانہ ہو ۔ اندوہ: رنگ ، ملال ۔ دلگیری: صدمہ، دل پر صدمہ اور رنج کی کیفیت ۔ فقط: صرف ۔ مطلب: علامہ عہد حاضر کے ان فقیروں ، درویشوں اور صوفیوں کو جنھوں نے اپنے آپ کو اپنی خانقاہوں تک محدود کر رکھا ہے اور عملی دنیا سے کوئی سروکار نہیں رکھتے کہا ہے کہ تمہاری یہ خانقاہی زندگی رہبانیت کے برابر ہے ۔ تم اپنی خانقاہوں سے نکلو اور عملی میدان میں آ کر امت مسلمہ کے مسائل کا حل تلاش کرو ۔ ان کو غلامی کی زنجیریں کاٹنے کا مشورہ بھی دو اور اسکے کاٹنے میں ان کی مدد بھی کرو ۔ ان کو جابر طاقتوں کے سامنے سرا ٹھانے کے لیے بھی کہو اور خود بھی اس عمل میں حصہ لو ۔ جس طرح حضرت امام حسین نے اپنے وقت کے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہا تھا اور حق کی سربلندی کے لیے کربلا کے میدان میں اپنی، اپنے رفقائے کار اور اہل خاندان کی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا تھا تم بھی ان کے نقش قدم پر چل کر وقت کے طاغوتی اور جابر قوتوں کے خلاف محاذ قائم کرو چاہے اس میں جانیں بھی قربان کیوں نہ کرنی پڑیں ۔ اگر تم ایسا نہیں کرو گے اور خود کو خانقاہی رسوم اور عبادات کے ادا کرنے تک ہی محدود رکھو گے تو یاد رکھو تمہاری یہ زندگی رنج و ملال اور صدمہ و غم کی زندگی کے سوا کچھ نہیں ہو گی ۔ یہ رہبانیت کی زندگی ہو گی جس کی اسلام اجازت نہیں دیتا ۔ ۔ ۔ ۔ Allama Iqbal Urdu Poetry SHayari Status Sad Urdu Shayari Whatsapp .. #allamaiqbal #urdupoetry #karbala #imamhussain #poetry