@wazirashiq7: #جنوبی وزیرستان لوئر میں 9 سالہ بچے وقاص کے قتل کیس میں پیش رفت، ملزم احمد گرفتار اور اعترافِ جرم چچازاد بھائی احمد نے مسجد میں طفل وقاص کو قتل کر دیا تھا، واردات میں استعمال ہونے والی چھری برآمد: ڈی ایس پی اصغر علی شاہ، ایس ایچ او عثمان وزیر جنوبی وزیرستان لوئر: جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے زیڑی نور میں 9 سالہ بچے کے سفاکانہ قتل کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم احمد وزیر مغل خیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جس کے بعد کیس کی تفتیش میں مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دو روز قبل جمعہ کے روز ایک مقامی مسجد میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ملزم احمد نے اپنے چچازاد بھائی طفیل وقاص پر تیز دھار چھری سے حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں بچہ/ طفل موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا۔ طفل اور ملزم دونوں کا تعلق وزیر مغل خیل قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔ اتوار کے روز سٹی تھانہ وانا میں ڈی ایس پی وانا سرکل اصغر علی شاہ اور ایس ایچ او عثمان وزیر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے میڈیا کو کیس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گرفتار ملزم کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دو روز قبل پیش آنے والے اندوہناک واقعے کے فوراً بعد مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا تھا اور جدید طریقہ تفتیش کے تحت کارروائی شروع کی گئی۔ شواہد اور معلومات کی بنیاد پر پولیس نے مرکزی ملزم احمد کو گرفتار کیا، جبکہ بعد ازاں تفتیش کے دوران قتل میں استعمال ہونے والی چھری بھی برآمد کر لی گئی۔ ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ دونوں کزنز کے درمیان ذاتی رنجش اور ضد کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ معمولی تنازعات بعض اوقات سنگین واقعات کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوانوں میں موبائل فون کے زیادہ استعمال سے بھی غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں جو تنازعات کا سبب بنتی ہیں۔ ایس ایچ او عثمان وزیر نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کے روز زیڑی نور کی ایک مسجد میں پیش آیا تھا۔ جہاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں اس نوعیت کے پہلے بھی دو واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ یہ تیسرا واقعہ ہے جس نے عوامی سطح پر تشویش پیدا کی ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔#ptminternationalconference2026