@marwat.click: ہمارا ضلع لکی مروت اس قدر ترقی سے محروم ہے کہ آج ایک نئی سرکاری ڈی سی آفس ،پولیس لائن کی عمارت کے ساتھ لوگ ٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر خوشیاں منا رہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ ہم بہت آگے نکل گئے ہیں، بلکہ اس لیے کہ ہمارے پاس نہ کوئی پارک ہے، نہ تفریحی مقام، نہ لائبریری، نہ کھیل کے معیاری میدان، اور نہ ہی ایسی جگہ جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کر سکیں۔ یہ صرف لکی مروت کی بات نہیں۔ سرائے نورنگ میں اور گنڈی چوک پر جب سڑک پر اسٹریٹ لائٹس لگائی گئیں، تو لوگ اس خوشی میں ویڈیوز بنانے لگے، جیسے کوئی بہت بڑا ترقیاتی منصوبہ مکمل ہو گیا ہو۔ حالانکہ سڑک پر روشنی ہونا تو ہر شہری کا بنیادی حق اور ایک بنیادی ضرورت ہے، نہ کہ کوئی غیر معمولی ترقی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہماری سوچ کو اس حد تک محدود کر دیا گیا ہے کہ اب ہم اپنی بنیادی ضروریات پوری ہونے کو بھی ترقی سمجھنے لگے ہیں۔ دنیا جدید شہروں، بہترین تعلیمی اداروں، صنعتوں، تحقیق، روزگار، پارکوں اور تفریحی سہولیات میں آگے بڑھ چکی ہے، جبکہ ہم آج بھی ایک سرکاری عمارت یا چند اسٹریٹ لائٹس لگنے پر خوشیاں منانے پر مجبور ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ ہمارے ضلع کا مستقبل کیا ہوگا؟ ہمارے نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم، کھیل اور صحت کی بہتر سہولیات کب آئیں گی؟ ہمارے علاقے میں بڑھتے ہوئے مسائل، بے روزگاری اور امن و امان کی صورتحال پر کب سنجیدگی سے کام ہوگا؟ ترقی صرف عمارتیں بنانے یا سڑکوں پر لائٹس لگانے کا نام نہیں۔ حقیقی ترقی وہ ہے جو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائے، نوجوانوں کو مواقع دے، اور ہر شہری کو عزت، سہولت اور ایک محفوظ مستقبل فراہم کرے۔ جب تک ہم بنیادی ضروریات کو ترقی سمجھتے رہیں گے، تب تک حقیقی ترقی کا سفر بہت مشکل رہے گا #lakkimarwat #marwat