@mpaiftikhar.ullah: معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان کا آئی جی جیل خانہ جات ریحان گل خٹک کے ہمراہ صوابی میں زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ جیل اور سب جیل کا دورہ معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات خیبرپختونخوا افتخار اللہ جان نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ریحان گل خٹک کے ہمراہ ضلع صوابی میں زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ جیل اور سب جیل کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ جیل خانہ جات کے اعلیٰ حکام، متعلقہ افسران، انجینئرز اور تعمیراتی اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران معاون خصوصی نے زیرِ تعمیر منصوبوں پر جاری پیش رفت، تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات، بنیادی سہولیات، قیدیوں کے لیے رہائشی بیرکس، طبی سہولیات، سکیورٹی نظام، پانی، بجلی اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلیٰ معیار کی تعمیر اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ افتخار اللہ جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت جیلوں کو جدید اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہے، جہاں قیدیوں کو محفوظ ماحول کے ساتھ تعلیم، فنی تربیت، صحت اور بحالی کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئے جیل کی تعمیر سے نہ صرف موجودہ جیلوں پر بوجھ کم ہوگا بلکہ قیدیوں کو بہتر سہولیات اور اصلاح و تربیت کے مزید مواقع بھی میسر آئیں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات ریحان گل خٹک نے معاون خصوصی کو منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار اور حکومتی ہدایات کے مطابق جاری ہے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی کی قیادت میں محکمہ جیل خانہ جات میں اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا تاکہ صوبے کا جیل نظام جدید، محفوظ، شفاف اور اصلاحی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ #mpa_iftikhar_ullah_pk_64_charsadda #special_assistant_to_cheif_minister_for_prisons #releaseimrankhan #cm_suhail_afridi