@police.kpk.tiger: آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک خصوصی تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع ٹانک کی آپریشنل استعداد کار میں اضافے اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ترین بکتر بند گاڑی کی چابی ڈی پی او ٹانک کے حوالے کر دی۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ترین دفاعی اور آپریشنل وسائل سے لیس کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک دہشت گردی سے متاثرہ اہم اضلاع میں شامل ہے، جہاں پولیس کے جوان روزانہ انتہائی مشکل حالات میں فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں۔ ایسے میں جدید بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی پولیس کی دفاعی صلاحیت اور جوانوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنائے گی۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ B7 Level پروٹیکشن،ریموٹ کنٹرول ویپن سسٹم اور جدید جیمر سے لیس یہ APC دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، ہائی رسک مشنز، قافلوں کی حفاظت، حساس تنصیبات کی سیکیورٹی اور دشوار گزار علاقوں میں مؤثر کارروائیوں کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہوگی۔ اس جدید اے پی سی کی بدولت پولیس اہلکار زیادہ محفوظ انداز میں دہشت گردوں کا تعاقب اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کے حامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کی فورس ہے اور پولیس کی آپریشنل برتری برقرار رکھنے کے لیے جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں، ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، جدید کمیونیکیشن اور نگرانی کے آلات مسلسل فراہم کیے جا رہے ہیں۔آئی جی ذوالفقار حمید نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی، انتہا پسندی اور جرائم کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیزی کے ساتھ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاست کی رٹ کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن کے دشمن کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔تقریب میں سنٹرل پولیس آفس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، جبکہ ڈی پی او ٹانک نے جدید بکتر بند گاڑی کی فراہمی پر آئی جی خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس جدید سہولت کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر آپریشنز اور عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز،ڈی آئی جی سیکیورٹی، پی ایس اوٹو آئی جی پی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز،اے آئی جی ٹیلی اور ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔