@dailynawaiwafaq: کراچی کے ضلع ویسٹ کے علاقے منگھوپیر میں ایک ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر نے مبینہ بھتہ خوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے فوری مداخلت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ریٹائرڈ سب انسپکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ذاتی مکان کی تعمیر کروا رہے ہیں، تاہم اس دوران مبینہ طور پر منگھوپیر تھانے سے وابستہ بعض پولیس اہلکاروں اور خود کو پرائیویٹ بیٹر ظاہر کرنے والے افراد نے تعمیراتی کام جاری رکھنے کے عوض ان سے بھتہ اور رشوت کا مطالبہ کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مطالبات پورے نہ کرنے پر انہیں سنگین نتائج، جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے اور مسلسل ہراساں کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ غلام رسول نے الزام لگایا کہ دلاور عرف طارق اور آصف عرف راجو نامی افراد مسلسل ان سے رقم کا تقاضا کرتے رہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس تمام معاملے کی ویڈیو بھی موجود ہے، جس میں مبینہ طور پر رقم کی وصولی دیکھی جا سکتی ہے۔ متاثرہ ریٹائرڈ افسر کے مطابق انہوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور ڈی آئی جی ویسٹ سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا غیرجانبدارانہ نوٹس لے کر مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے