@amir_muqam: سوات۔ وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ انجینئر امیر مقام نے شموزئی، خزانہ میں کبل چوک خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے جعفر حسین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجاتِ بلندی کے لیے دعا کی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر شہید کے پانچ کمسن بچوں کو گلے لگا کر انہیں دلاسہ دیا اور غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی اور اپنی ذاتی جیب سے شہید کی بیوہ اور بچوں کی مالی مدد کے لیے پانچ لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی نے ان بچوں سے ان کے والد کا سایہ چھین لیا، مگر پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شہداء کے خاندان قوم کی امانت ہیں، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مالی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان پانچ کمسن بچوں کے سر سے باپ کا سایہ اٹھ چکا ہے اور اب ان کا کوئی والی وارث نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہے، تاہم انہیں بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بچوں کی تعلیم، کفالت اور دیگر ضروریات کے لیے جس حد تک ممکن ہوا ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما واجد علی خان، محمد علی شاہ خان، ضلع صدر قوی خان، تلاوت خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ #AmirMuqam