@aftabhusseinqureshi: پاکستان تحریکِ انصاف میرپورخاص کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی ناحق قید کے تین سال مکمل ہونے پر انصاف ہاؤس سے پوسٹ آفس چوک تک پُرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت پاکستان تحریکِ انصاف میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب حسین قریشی نے کی۔ اس موقع پر سندھ کے نائب صدر راجا عبدالحق، وومن وِنگ میرپورخاص/نواب شاہ ریجن کی صدر کنول اعجاز رندھاوا، میرپورخاص ڈسٹرکٹ صدر احسان جروار، ڈویژنل نائب صدر محمد علی راجپوت، ڈسٹرکٹ سینئر نائب صدر ملک لیاقت، میر شیر محمد ٹاؤن خادم علی شاہ ٹاؤن سمیت، سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) میرپورخاص ڈویژن کے صدر محمد خان مری، ڈسٹرکٹ صدر لالہ اظہر پٹھان سمیت ڈویژن، ڈسٹرکٹ، سٹی، ٹاؤن اور یونین کونسلوں کے عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان تحریک انصاف میرپورخاص ڈویژن صدر آفتاب حسین قریشی نے کہا کہ 5 اگست 2023 پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو عدالتی کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس واقعے کو تین سال مکمل ہو چکے ہیں، مگر عمران خان اب بھی قیدِ تنہائی میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام، آئین کی بالادستی، جمہوریت اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے قربانی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے قائد کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور آئینی و جمہوری جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی۔ وومن وِنگ میرپورخاص/نواب شاہ ریجن کی صدر کنول اعجاز رندھاوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خواتین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہیں اور انصاف، جمہوریت اور عوامی حقِ حکمرانی کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور خواتین ہر مشکل وقت میں پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔ میرپورخاص ڈسٹرکٹ صدر احسان جروار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کی جدوجہد پاکستان میں حقیقی جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان ہر قسم کے حالات میں پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام کی طاقت سے انصاف کی فتح یقینی بنائیں گے۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام، قومی یکجہتی اور چیئرمین عمران خان کی جلد رہائی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔