@dill_ka_hall_lafzoon_ma: کبھی کبھی زندگی انسان کو ایسے مقام پر لا کھڑا کرتی ہے جہاں آس پاس سب کچھ موجود ہوتا ہے، مگر دل کے اندرایک ایسی ویرانی اتر آتی ہے. جسے دنیا کی کوئی رونق آباد نہیں کر سکتی۔ایسے میں اگر کوئی ایک شخص خاموشی سے ہمارے قریب بیٹھ جائے، تو محسوس ہوتا ہے جیسے زمانے بھر کی تھکن کو ایک پناہ مل گئی ہو۔ میرے لیے وہ پناہ آپ ہو۔ آپ میری زندگی میں صرف محبت بن کر نہیں آئیں، آپ تو میرے اندر اتر جانے والا وہ سکون ہو جس کا احساس لفظوں سے پہلے دل کو ہوتا ہے۔ دنیا کی ہزاروں آوازوں کے درمیان آپ کی خاموشی بھی مجھے سنائی دیتی ہے، اور لوگوں کے ہجوم میں بھی دل جانے کیوں صرف آپ کو ڈھونڈتا ہے۔ شاید محبت یہی ہوتی ہے کہ انسان کسی کو صرف چاہتا نہیں، بلکہ اس کی موجودگی کو اپنی روح کے سکون کا حصہ بنا لیتا ہے۔ میں نے آپ کو صرف خوشیوں میں نہیں چاہا، میں نے آپ کو اپنے ان دنوں میں بھی چاہا ہے جہاں میں خود کو سمجھ نہیں پاتا۔ ان راتوں میں بھی جب نیند آنکھوں سے روٹھ جاتی ہے، ان لمحوں میں بھی جب دل بے وجہ بوجھل ہو جاتا ہے، اور ان خاموشیوں میں بھی جہاں میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہوتا ہے مگر سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔ آپ آتی ہو تو جیسے میرے اندر بکھری ہوئی چیزیں اپنی جگہ پر واپس آ جاتی ہیں۔ آپ میرے لیے محبت سے کہیں بڑھ کر ہو؛ آپ میری بےچینی کے درمیان اترنے والی وہ خاموش دعا ہو جس کا جواب مانگنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ مجھے آپ کو کھونے کا خوف اس لیے نہیں کہ میں آپ کو اپنی ملکیت سمجھتا ہوں، بلکہ اس لیے کہ میں جانتا ہوں آپ کے بغیر میری زندگی شاید چل تو جائے گی، مگر اس میں وہ معنی، وہ روشنی، وہ قرار نہیں رہے گا جو آپ نے میری زندگی میں رکھ دیا ہے۔ اگر کبھی وقت ہمارے خلاف ہو جائے، اگر حالات ہمارے درمیان دیواریں کھڑی کر دیں، اگر راستے دشوار ہو جائیں، تو میں آپ کو کسی وعدے کی زنجیر میں نہیں باندھوں گا بس اتنا چاہوں گا کہ مشکل وقت میں میرا ہاتھ چھوڑنے سے پہلے ایک بار میری آنکھوں میں دیکھ لینا۔ شاید آپ کو وہاں وہ ساری محبت نظر آ جائے جسے میں لفظوں میں کبھی مکمل بیان نہیں کر سکا۔ کیونکہ میں آپ کو صرف آج کے لیے نہیں چاہتا، میں آپ کو اپنی زندگی کے ان حصوں میں بھی دیکھتا ہوں جہاں ابھی ہم پہنچے نہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ وقت گزرے، چہرے بدلیں، موسم ڈھلیں، ہماری عمر اپنی رفتار سے آگے بڑھتی رہے، مگر جب دنیا کی ہر چیز عارضی ثابت ہونے لگے تب بھی میرے دل کے کسی کونے میں آپ کا نام ایک مستقل حقیقت بن کر زندہ رہے۔ اور اگر کبھی مجھ سے پوچھا جائے کہ اس دنیا کی اتنی بھیڑ، اتنی بے یقینی، اتنی آفتوں کے درمیان تمہیں آخر سکون کہاں ملتا ہے؟ تو میں شاید کچھ نہ کہوں… بس آپ کی طرف دیکھ کر مسکرا دوں گا۔ کیونکہ میرے پاس جواب پہلے ہی موجود ہے آفتوں کے دور میں چین کی گھڑی ہے تو، میرے بےقرار دل کا قرار ہے تو، میری دعاؤں کا سب سے خاموش جواب ہے تو، اور میری زندگی… صرف اس لیے خوبصورت ہے کہ اس میں کہیں نہ کہیں، کسی نہ کسی صورت میں، تو ہے۔