@mmnswat: کبل: فائرنگ سے زخمی بزرگ کی ہسپتال میں پریس کانفرنس، ملزم بیٹے کی عدم گرفتاری پر تشویش اور تحفظ کا مطالبہ کبل (رپورٹ) — تھانہ کبل کی حدود سرسینئی میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے بزرگ شہری سدبر نے ملزم بیٹے کی عدم گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سدبر کو ان کے سگے بیٹے نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے دائیں بازو پر زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ سیدو شریف ہسپتال میں بسترِ علالت سے صحافیوں کے روبرو پریس کانفرنس کرتے ہوئے سدبر نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی کارروائی کا آغاز تو کر دیا ہے لیکن ان پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ان کا بیٹا تاحال آزاد ہے اور اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ بزرگ شہری نے انتہائی تشویشناک انکشاف کیا کہ ملزم کی جانب سے انہیں اور ان کے معصوم پوتوں کو مسلسل جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ان کا خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔ سدبر نے ڈی پی او سوات، اعلیٰ پولیس حکام اور مقامی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزم بیٹے کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کی اور ان کے پوتوں کی جان کے تحفظ کے لیے فوری طور پر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔