@lions_of_kpk_police: ٭ کرک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان سمیت چار پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا۔ ٭ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمراور آر پی او کوہاٹ شاکر حسین داوڑسمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام کی نمازِ جنازہ میں شرکت۔ ٭ پولیس شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، آئی جی پی۔ ٭ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے، آئی جی پی ذوالفقار حمید۔ ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان سمیت چار پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمراور آر پی او کوہاٹ شاکر حسین داوڑ ، کمشنر کوہاٹ پرویز خان ثبت خیل ،ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی نجم الحسنین ،ڈپٹی کمشنر کرک حامد اقبال،ڈی پی او کرک نیاز محمد ،اعلیٰ سول و عسکری حکام، پولیس افسران، شہداءکے لواحقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداءکو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام نے شہداءکے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اور شرکاءنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شہداءکی بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لیکن اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ان کی جرات، فرض سے غیر متزلزل وابستگی اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پوری پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔بعدازاں شہداءکے جسد خاکی کو اپنے آبائی گاﺅں کو روانہ کردیا گیا۔