@nawaiwafaq24.7: ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے منگھوپیر ٹاؤن کی یونین کمیٹی تھری میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم و اسپورٹس کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا، اس موقع پر سیاسی و بلدیاتی شخصیات، پارٹی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، انفارمیشن سیکریٹری و فوکل پرسن وزیر بلدیات سندھ علی اکبر کاچھیلو، صدر یوسی تھری عمران خان، ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز بروہی، چیئرمین محمد یونس مینگل، ڈاکٹر عزیز جمن دروان، زبیدہ اقبال، کرم اللہ وقاصی، مینر خٹک، چیئرمین یوسی تھری مفتی محمد خالد، فلک شیر، فقر خان، گل اقبال، عبدالرؤف کاچھیلو، محبت شاہ اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فہد مسعود سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی سے منگھوپیر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ علاقے میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ شرکاء نے منصوبے کی تکمیل پر پاکستان پیپلز پارٹی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتے ہیں، اور کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم و اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح اسی عزم کا عملی مظہر ہے۔ تقریب کے شرکاء نے اس منصوبے کو علاقے کی ترقی، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔