اے عاشقانِ رسول!پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے حُسن وجمال پرپردے ہیں، اگر پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا حقیقی حُسن وجمال ظاہر ہوجائے تو دنیا والےاُس کی ایک جھلک بھی برداشت نہ کرسکیں گے ۔بُخاری شریف میں ہے: حضرتِ بَراء بن عازِب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:رسولِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم خوبصورتی میں تما م لوگوں میں سب سے زیادہ خوبصورت اور اَخلاق میں سب لوگوں سے بڑھ کر اَچھے اخلاق والے تھے۔ (بخاری،2/487،حدیث:3549)
حضرتِ بی بی اُمِّ مَعْبَد رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: تاجدارِ رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم دُور سے نہایت خوبصورت اور قریب سےنہایت شیریں (یعنی میٹھےمیٹھے) اورحَسین لگتے تھے۔ (دلائل النبوۃ للبیہقی، 1/279) حضرتِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں نے حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے زیادہ حَسین وجمیل کسی کونہیں دیکھا۔ (شمائل ترمذی ، ص 86 ، حدیث: 116 )
خامۂ قُدرت کا حُسنِ دَستکاری واہ واہ کیا ہی تصویر اپنے پیارے کی سَنواری وا ہ واہ
شرحِ کلامِ رضا: اللہ پاک کی قدرت کےقلم کی شان وشوکت کےبھی کیا کہنے!کہ اُس نے کتنے ہی دِلکش و دِلرُبااَنداز میں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بے مثا ل و لاجواب صُورتِ پاک بنائی ہے۔