@nawaiwafaq24.7: کراچی کے علاقے پیرآباد میں منشیات کے کاروبار کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیوں کو اہلِ علاقہ کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ تھانہ پیرآباد کے ماتحت محمد پور چوکی کے انچارج سب انسپکٹر ارسلان بابر کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیو میانوالی کالونی، کنواری کالونی، میگسی محلے اور میانوالی کالونی میں منشیات کے خلاف پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز ہوئی ہے۔ محمد پور چوکی کے انچارج سب انسپکٹر ارسلان بابر اور ان کی ٹیم کی جانب سے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف اقدامات کو شہری حلقوں نے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اہلِ علاقہ کے مطابق منشیات کا پھیلاؤ نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ اس کے منفی اثرات نوجوانوں کی زندگیوں کے ساتھ خاندانی اور معاشرتی نظام کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ شہریوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے جاری اقدامات کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں، منشیات کے اڈوں کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شہری حلقوں نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی سے بھی اپیل کی ہے کہ منشیات کے خلاف عملی اقدامات کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ پیرآباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی اس مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔