@atif_shaheenofficial: کوفی مزاج لوگوں اور ظلم کے ایوانوں میں بیٹھے اہلِ اقتدار کے نام کربلا محض تاریخ کا ایک باب نہیں، بلکہ قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے حق و باطل میں فرق کرنے کی زندہ کسوٹی ہے۔ کربلا ہمیں سکھاتی ہے کہ جب حق پکار رہا ہو اور باطل ظلم کے پہاڑ کھڑے کر رہا ہو، تو خاموش رہنا بھی ایک کردار ہے۔ کوفیوں نے امام حسینؓ کو خطوط لکھے، ساتھ دینے کے وعدے کیے، مگر جب وقتِ آزمائش آیا تو خوف، مصلحت اور مفادات کی زنجیروں میں جکڑے رہے۔ تاریخ نے ان کے محبت کے دعوے نہیں، بلکہ ان کی بے وفائی اور خاموشی یاد رکھی۔ آج بھی کربلا کا وہی سوال ہمارے سامنے کھڑا ہے: جب مظلوم انصاف کے لیے پکاریں، جب ماؤں کی گودیں اجڑیں، جب بہنوں سے بھائی چھینے جائیں، جب معصوم بچوں کے خواب بارود کی نذر ہوں، اور جب بنیادی حقوق مانگنے والوں کی آواز دبانے کے لیے طاقت استعمال کی جائے، تو آپ کہاں کھڑے ہیں؟ ظلم کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ یہ نہ سمجھیں کہ بندوق، طاقت اور اقتدار کے بل بوتے پر کسی قوم کے نظریات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ظالموں کے تخت و تاج مٹ گئے، مگر مظلوموں کی استقامت اور شہداء کی قربانیاں آج بھی زندہ ہیں۔ ہمیں شہید کیا جا سکتا ہے، ہمارے جسموں کو زخموں سے چور کیا جا سکتا ہے، ہمارے راستے روکے جا سکتے ہیں، مگر حق کی آواز، ہمارے عزم اور آنے والی نسلوں کے دلوں سے آزادی کا خواب نہیں چھینا جا سکتا۔ ہماری جدوجہد کسی اقتدار، منصب یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں؛ بلکہ اپنی سرزمین پر حقِ ملکیت، حقِ حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق، عزت و وقار اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے ہے۔ اور ظلم کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ بھی سن لیں: طاقت کا نشہ ہمیشہ نہیں رہتا۔ اقتدار عارضی ہے، مگر مظلوموں کی آہیں، شہداء کا لہو اور تاریخ کی عدالت کبھی خاموش نہیں ہوتی۔ اے خاموش تماشائیو! آج بھی وقت ہے، اپنے ضمیر کی آواز سن لو۔ کل تاریخ کے سامنے مصلحتوں کے عذر کام نہیں آئیں گے۔ آج فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ آپ کا کردار حسینی ہوگا، کوفی ہوگا یا یزیدی؟ کیونکہ تاریخ کسی کے عہدے، دولت یا طاقت کو نہیں، اس کے کردار کو یاد رکھتی ہے۔ ہماری منزل: بنیادی حقوق ہمارا راستہ: پرامن عوامی جدوجہد ہمارا عہد: ظلم کے سامنے ناقابلِ شکست استقامت نہ خوف سے خاموش ہوں گے، نہ مصلحت سے پیچھے ہٹیں گے۔ حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ سلام ہو حسینؓ پر، سلام ہو شہدائے کربلا پر، اور سلام ہو ہر اس انسان پر جو اپنے دور کے مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ #RightsmovementAJK #AJKRightsMovement #ImtiazAslam