@burhanwani748: دبئی میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بڑا اقدام، غیر قانونی نرسریاں چلانے کے الزام میں 34 افراد گرفتار کر لیے گئے، جبکہ تحقیقات کے دوران امارت بھر میں 33 غیر رجسٹرڈ نرسریوں کا انکشاف ہوا۔ دبئی پولیس کے مطابق یہ نرسریاں بعض رہائشی عمارتوں اور ایسے مقامات پر قائم تھیں جو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے موزوں نہیں تھے، کئی جگہوں پر صفائی کے ناقص انتظامات اور حفاظتی سہولیات کی کمی بھی پائی گئی۔ ان مراکز میں کم فیس کے عوض بچوں کی دیکھ بھال کی پیشکش کی جاتی تھی، جس کی وجہ سے کم آمدنی والے خاندان ان کی خدمات حاصل کر رہے تھے، تاہم مناسب نگرانی اور تربیت یافتہ عملے کی عدم موجودگی کے باعث بچوں کو غفلت اور بدسلوکی کے خطرات لاحق تھے۔ دبئی پولیس نے دبئی میونسپلٹی، کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے تعاون سے کارروائیاں کیں، جس کے دوران 34 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ بچوں کو کسی بھی نرسری میں داخل کرانے سے پہلے اس کا باقاعدہ لائسنس ضرور چیک کریں، کیونکہ کم فیس کی پیشکش کے چکر میں بچوں کی صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔