@dilawarabbas1412: رَدیف ، قافیہ ، بندِش ، خیال ، لفظ گری وُہ حُور ، زینہ اُترتے ہُوئے سکھانے لگی کتاب ، باب ، غزل ، شعر ، بیت ، لفظ ، حُروف خفیف رَقص سے دِل پر اُبھارے مست پری کلام ، عَرُوض ، تغزل ، خیال ، ذوق ، جمال بدن کے جام نے اَلفاظ کی صراحی بھری سلیس ، شستہ ، مُرصع ، نفیس ، نرم ، رَواں دَبا کے دانتوں میں آنچل ، غزل اُٹھائی گئی قصیدہ ، شعر ، مسدس ، رُباعی ، نظم ، غزل مہکتے ہونٹوں کی تفسیر ہے بھلی سے بھلی مجاز ، قید ، معمہ ، شبیہ ، اِستقبال کسی سے آنکھ ملانے میں اَدبیات پڑھی قرینہ ، سَرقہ ، اِشارہ ، کِنایہ ، رَمز ، سوال حیا سے جھکتی نگاہوں میں جھانکتے تھے سبھی بیان ، علمِ معانی ، فصاحت ، علمِ بلاغ بیان کر نہیں سکتے کسی کی ایک ہنسی قیاس ، قید ، تناسب ، شبیہ ، سَجع ، نظیر کلی کو چوما تو جیسے کلی ، کلی سے ملی ترنم ، عرض ، مکرر ، سنائیے ، اِرشاد کسی نے ’’سنیے‘‘ کہا ، بزم جھوم جھوم گئی حُضُور ، قبلہ ، جناب ، آپ ، دیکھیے ، صاحب کسی کی شان میں گویا لغت بنائی گئی حریر ، اَطلس و کمخواب ، پنکھڑی ، ریشم کسی کے پھول سے تلووں سے شاہ مات سبھی گلاب ، عنبر و ریحان ، موتیا ، لوبان کسی کی زُلفِ معطر میں سب کی خوشبو ملی ٭٭٭ کسی کے مرمریں آئینے میں نمایاں ہیں گھٹا ، بہار ، دَھنک ، چاند ، پھول ، دیپ ، کلی کسی کا غمزہ شرابوں سے چُور قوسِ قُزح اَدا ، غُرُور ، جوانی ، سُرُور ، عِشوَہ گری کسی کے شیریں لبوں سے اُدھار لیتے ہیں مٹھاس ، شَہد ، رُطَب ، چینی ، قند ، مصری ڈَلی کسی کے نور کو چندھیا کے دیکھیں حیرت سے چراغ ، جگنو ، شرر ، آفتاب ، ’’پھول جھڑی‘‘ کسی کو چلتا ہُوا دیکھ لیں تو چلتے بنیں غزال ، مورنی ، موجیں ، نُجُوم ، اَبر ، گھڑی کسی کی مدھ بھری آنکھوں کے آگے کچھ بھی نہیں تھکن ، شراب ، دَوا ، غم ، خُمارِ نیم شبی کسی کے ساتھ نہاتے ہیں تیز بارِش میں لباس ، گجرے ، اُفق ، آنکھ ، زُلف ، ہونٹ ، ہنسی کسی کا بھیگا بدن ، گُل کھلاتا ہے اَکثر گلاب ، رانی ، کنول ، یاسمین ، چمپا کلی بشرطِ ’’فال‘‘ کسی خال پر میں واروں گا چمن ، پہاڑ ، دَمن ، دَشت ، جھیل ، خشکی ، تری یہ جام چھلکا کہ آنچل بہار کا ڈَھلکا شریر ، شوشہ ، شرارہ ، شباب ، شر ، شوخی کسی کی تُرش رُوئی کا سبب یہی تو نہیں؟ اَچار ، لیموں ، اَنار ، آم ، ٹاٹری ، اِملی کسی کے حُسن کو بن مانگے باج دیتے ہیں وَزیر ، میر ، سپاہی ، فقیہہ ، ذوقِ شہی شہزاد قیس