@muhammadmubtasimsajid143: بعض اوقات ہم اللہ تعالیٰ سے کسی چیز کے لیے اس قدر اصرار کرتے ہیں کہ ہمیں لگتا ہے، ہماری ساری خوشیاں اسی ایک خواہش کے پورا ہونے میں پوشیدہ ہیں۔ ہم دعاؤں میں ہاتھ اٹھاتے ہیں، آنکھیں نم کرتے ہیں، راتوں کو جاگتے ہیں اور پھر جب وہ چیز نہیں ملتی تو دل میں ایک خاموش سا سوال جنم لیتا ہے: یا اللہ! آخر میری دعا قبول کیوں نہیں ہوئی؟ ذرا سوچیے! اگر اللہ تعالیٰ ہمیں غیب کے پردوں کے پیچھے جھانکنے کی اجازت دے دیتا، اگر ہمیں دکھا دیا جاتا کہ جس راستے پر ہم جانے کے لیے بے تاب ہیں، اس کے اختتام پر کون سا زخم ہمارا منتظر ہے، جس شخص کو ہم اپنی زندگی میں روکنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ ہمارا مقدر کیا لکھا ہے، اور جس محرومی پر ہم آج آنسو بہا رہے ہیں، اس کے پیچھے کون سی عظیم حکمت چھپی ہے، تو شاید ہم اپنے رب کے ہر فیصلے پر سجدۂ شکر بجا لاتے! ہماری نگاہ صرف آج کو دیکھتی ہے، مگر اللہ تعالیٰ ہمارے کل، ہمارے آنے والے برسوں اور ان راستوں کو بھی جانتا ہے جن پر ابھی ہمارے قدم پڑنے باقی ہیں۔ ہم کسی چیز کی خوب صورتی دیکھ کر اسے مانگتے ہیں، جبکہ اللہ اس کے اندر چھپی ہوئی آزمائش بھی جانتا ہے۔ ہم کسی دروازے کے کھلنے کی دعا کرتے ہیں، مگر وہ جا نتا ہے کہ اس دروازے کے پیچھے ہمارے لیے کیا مقدر ہے۔ یاد رکھیے! ہر محرومی سزا نہیں ہوتی، ہر تاخیر بے اعتنائی نہیں ہوتی اور ہر بند دروازہ بدقسمتی کی علامت نہیں ہوتا۔ کبھی اللہ تعالیٰ آپ کو وہ نہیں دیتا جو آپ مانگ رہے ہوتے ہیں، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ آپ کی روح اس کے بغیر زیادہ محفوظ رہے گی۔ بس اپنے رب کے فیصلوں پر یقین رکھیے۔ آپ کو ہر حکمت سمجھنے کی ضرورت نہیں، آپ کے لیے اتنا جاننا کافی ہے کہ آپ کا رب آپ سے زیادہ آپ کو جانتا ہے، آپ کے مستقبل کو آپ سے بہتر دیکھتا ہے اور آپ کے حق میں کیا بہتر ہے، اسے آپ سے زیادہ معلوم ہے۔ کبھی کبھی بند آنکھوں سے مانگی ہوئی دعا سے زیادہ خوب صورت وہ فیصلہ ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ ہماری آنکھیں کھولے بغیر ہمارے حق میں کر دیتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔