@journalistmustaqeembacha: پشاور: موبائل چھیننے کے دوران فائرنگ سے زخمی 21 سالہ طالب علم حماد خان خٹک جاں بحق پشاور میں موبائل فون چھیننے کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے 21 سالہ طالب علم حماد خان خٹک سات روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد 19 نومبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پشاور کے تھانہ ٹاؤن کی حدود میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے قریب واقع کوئٹہ کیفے میں حماد خان خٹک اپنے دوستوں کے ہمراہ چائے پی رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار مسلح سنیچرز نے اسلحے کے زور پر ان سے موبائل فونز اور نقدی چھین لی۔ اطلاعات کے مطابق حماد خان نے مزاحمت کیے بغیر اپنا موبائل فون ملزمان کے حوالے کر دیا تھا، تاہم واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ حماد خان کو تشویشناک حالت میں رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (RMI) پشاور منتقل کیا گیا، جہاں وہ تقریباً سات روز تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرِ علاج رہے، تاہم 19 نومبر کو زندگی کی بازی ہار گئے۔ مرحوم حماد خان خٹک ولد عجم زیب کا تعلق ضلع مردان کے علاقے گدر سے تھا اور وہ شیخ ملتون ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے۔ وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی (CA) کے طالب علم تھے۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی شناخت کے حوالے سے اہم شواہد سامنے آئے ہیں، تاہم واقعے کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود تاحال گرفتاری عمل میں نہ آنے پر طلباء اور شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔